پشاور، 15مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے محکمہ بہبود آبادی ملک لیاقت علی نے کہا ہے کہ مشکلات اور دیگر پابندیوں کے باوجود عوام نے صوبے میں ترقی کے لیے کھڑے ہو کر الیکشن میں حصہ لیا اور اپنے ووٹ سے اہل امیدواروں کو کامیاب کرایا، وزیر اعلیٰ نے بطور معاون خصوصی تقرری کرکے مجھ پر اور حلقے کے عوام پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی برائے محکمہ بہبود آبادی کے طور پر ذمہ داری سنبھالنے کے بعد گزشتہ روز اپنے حلقہ انتخاب کے دورہ کے موقع پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع میں انکے ہمراہ پارٹی کی مقامی قیادت اور حلقہ کے مشران بھی انکے ہمراہ تھے۔
معاون خصوصی کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد حلقہ کا پہلا دورہ کرنے پر عوام نے جگہ جگہ ملک لیاقت کا استقبال کرتے ہوئے جلوس کی شکل میں آبائی گاؤں پہنچایا۔مختلف مقامات پر استقبالیہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بہبود آبادی نے کہا کہ حلقہ کی ترقی اولین ترجیح ہے یہاں کے نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے لئے بھرپور کوشش جاری رکھوں گا۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ نے میری بطور معاون خصوصی تقرری کرکے مجھ پر اور حلقے کے لوگوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، معاون خصوصی برائے محکمہ بہبود آبادی نے کہا کہ حلقہ میں تعمیرو ترقی کا سلسلہ جہاں سے ٹوٹا تھا وہیں سے اپنے سفر کا دوبارہ آغاز کریں گے، حلقے کے عوام نے جس والہانہ انداز میں میرا استقبال کیا انکا میں جتنا بھی شکریہ ادا کروں کم ہے روزہ کی حالت میں عوام کی اتنی زیادہ تعداد میں اکھٹے ہونے نے ثابت کر دیا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت سے انکو کافی توقعات وابستہ ہیں اس لئے ہم اپنے عوام کو کبھی بھی مایوس نہیں کریں گے۔ اللہ تعالیٰ نے عوامی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے اس لئے ہم کسی کو مایوس نہیں کریں گے ۔
انہوں نے حلقہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ کے عوام نے انتخابات میں جس طرح اپنی محبت کا اظہار کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی انہوں نے کہا کہ حلقہ عوام کی خدمت کیلئے سیاسی میدان میں قدم رکھا ہے اگر نیت صاف ہو تو عوام کی فلاح وبہبود کے لئے بہت کچھ کیا جاسکتا ہے۔