پشاور، 9مارچ (اے پی پی): پاکستان کے نئے صدر مملکت کے انتخاب کے لیے پولنگ آج بروز ہفتہ منعقد ہوگی، جسمیں پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں قائم پولنگ سٹیشنوں پر منتخب اراکین صبح 10 بجے سے سہہ پہر 4 بجے تک اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے ۔
اس سلسلے میں صوبائی اسمبلی، پشاور میں پولنگ کیلئے تیاریاں علی الصبح شروع ہوگئی ہیں، اور بیلٹ پیپرز اور باکسز اسمبلی ہال پہنچا دئیے گئے ہیں تاکہ اسمبلی اراکین ہال میں اپنا ووٹ پول کر سکیں ۔
صدر کا انتخاب خفیہ رائے دہی کی بنیاد پر ہو گا جہاں پر سینیٹ ، قومی اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی کے ہر رکن کا ایک ووٹ شمار ہو گا جبکہ پنجاب ،خیبر پختونخوا اور سندھ اسمبلی میں اراکین کی تعداد کو بلوچستان اسمبلی کے برابر ووٹوں میں تقسیم کر کے تناسب نکالا جائے گا ۔
پولنگ کا عمل شروع ہونے سے قبل اسمبلی کے ممبران میں سے ایک پولنگ ایجنٹ نامزد کیا گیا ہے جو پولنگ اور گنتی کے عمل کا مشاہدہ کرے گا۔