لاہور،26مارچ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں گندم خریداری اور دیگر امور پر پالیسی سازی کے لئے وزارتی کمیٹی قائم کر دی گئی، صوبائی وزیر خوراک سربراہ ہوں گے ،وزیر خزانہ،زراعت اور اطلاعات ممبر ہونگے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ اجناس کی ضروریات کا تعین کرکے کاشت کا فیصلہ کرنا ضروری ہے۔فصل کی ضرورت کا پیشگی تعین کرنے کے لئے اے آئی اور دیگر ٹیکنالوجی استعمال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ کی دھاتی تار سے بچاؤ کے لئے بائیک پر سیفٹی گارڈ لگانے کی باقاعدہ مہم شروع کی جائے ۔ مسیحی ورکروں کی ہلاکت پر افسوس ہے۔غریب کی جان جائے تو محض خبر بنتی ہے۔ سینٹی ورکروں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیئے مؤثر قانون سازی کی جائے گی۔
اجلاس میں گندم سے متعلق امور پر ارکان اسمبلی سے مشاورت کر نے پر اتفاق کیا گیا اور نقل روکنے کے لئےامتحانی مراکز میں کیمرے اور آرٹیفشل ٹیکنالوجی سے کام لینے کا فیصلہ کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے وزرا، ڈی سی اور دیگر حکام کو چیکنگ کی ہدایت کی۔ اے ایس پی سیدہ شہر بانو نقوی، ایس ڈی پی او گلبرگ، لاہور کو قائداعظم پولیس میڈل دینے کی سفارش وفاق کو بھیجنے اور ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری بھی دی گئی ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نےجامع کنٹریکٹ پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کی۔کابینہ نے قائمہ کمیٹی برائے گندم اورمحکمہ خوراک کی کموڈٹی فنانسنگ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری بھی دی۔
صوبائی وزراء،سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔











