پہلی قومی امیگریشن اینڈ ویلفیئر پالیسی کو حتمی شکل دینے والے ہیں؛ڈاکٹر ارشد محمود

17

 

کراچی،04 مارچ (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل  ڈاکٹر ارشد محمود نے کہاہے کہ وہ اپنی پہلی قومی امیگریشن اینڈ ویلفیئر پالیسی کو حتمی شکل دینے والے ہیں، اس پالیسی میں نوجوانوں کے لیے اور ان کے مناسب انتخاب، تربیت اور فلاحی فوائد کے بارے میں بہت سی امید افزا پیشکشیں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں دوسری کورین کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ (سی بی ٹی) لیبارٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کوریا کی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ (ایچ آر ڈی) سروس کے نائب صدر کم سنگ جے   اور جمہوریہ کوریا کے کراچی میں قونصل جنرل یئی سنگو بھی موجود تھے۔

سیکرٹری ڈاکٹر ارشد محمود نے کہا کہ تقریباً 10 ملین لوگ بیرون ملک مقیم ہیں اور وہ 31 بلین ڈالر کی ترسیلات زر بھیجتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارت خود کو ری اسٹرکچر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ڈاکٹر ارشد محمود نے کہا کہ کوریا صحیح قسم کے لوگوں اور ابھرتے ہوئے نوجوانوں کو چنتا ہے اور انہیں تربیت دیتا ہے۔ انہوں نے جنوبی کوریا کی حکومت اور ان کے نظام کی عملیت پسندی کو سراہا۔

وفاقی سیکرٹری نے کہا کہ نوجوان جنوبی کوریا میں پاکستان کے بہترین سفیر ہیں اور واپسی پر وہ پاکستان میں نئے کاروباری ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 13ہزار لوگ جنوبی کوریا گئے تھے جو کہ G20 معیشتوں کا حصہ ہے اور کئی طریقوں سے سیمی کنڈکٹرز اور علم پر مبنی معیشت میں آگے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کا ایک وفد کل ہمارے پاس آرہا ہے اور اس نے یورپی یونین کے ممالک کے لیے پاکستانی نوجوانوں کی خدمات حاصل کرنے میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

کراچی میں جمہوریہ کوریا کے قونصل جنرل نے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان اقتصادی تعلقات مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے رابطوں سے دونوں ممالک کو موجودہ حالات میں باہمی فائدے حاصل کرنے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ کوریا کو پائیدار ترقی کے لیے افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں سندھ اور بلوچستان کے مزید نوجوانوں کو کوریا میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔

اس موقع پر کوریا کے انسانی وسائل کی ترقی (ایچ آر ڈی) سروس کے نائب صدر کم سنگ جے نے بھی خطاب کیا۔