کسی غریب کو مفت علاج کے حق سے محروم نہیں کریں گے،وزیراعلیٰ پنجاب

19

لاہور، 14مارچ(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ کسی غریب کو مفت علاج کے حق سے محروم نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  اپنے زیر صدارت خصوصی اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں پنجاب میں ہیلتھ انشورنش پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ہیلتھ انشورنش کی ری لانچنگ کے لئے تجاویز اور سفارشات پر غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہیلتھ کارڈ کو مزید موثر بنانے کے لئے ورکنگ گروپ بنانے کی بھی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہیلتھ کارڈ کی ری لانچنگ کے لئے 3 ماہ میں قابل عمل پلان طلب کیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ کسی غریب کو مفت علاج کے حق سے محروم نہیں کریں گے۔ عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا پراجیکٹ ہے اور ہم اس کی پائیدار میکنز م کے ساتھ ری لانچنگ کریں گے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیرپرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہیلتھ، سیکرٹری فنانس اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔