گلگت ۔19مارچ (اے پی پی):گلگت بلتستان اسمبلی نے ذوالفقار علی بھٹو کو ہیرو قرار دینے کی قرارداد منظور کرلی۔ ڈپٹی اسپیکر سعدیہ دانش نے اسمبلی کے 28واں اجلاس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے ذولفقار علی بھٹو کی سزا سے متعلق فیصلے کوبنیاد بناتے ہوئے اسمبلی میں ایک قرار داد پیش کی جس میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ ذولفقار علی بھٹو کو فئیر ٹرائل کا حق نہیں دیا گیا۔
قرار داد کے متن میں گیا ہے کہ بھٹو کی شہادت سے پاکستانی سماج،ریاست اور سیاست کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا جس کے اثرات ابھی محسوس ہورہے ہیں۔ قرار داد پر بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ اپنے آبائو اجداد جن کے ساتھ ماضی میں ظلم ہوا ہو انکو یاد کرنا بھی ذندہ قوموں کی مثال ہے۔
بھٹو خاندان کے گھر میں جو شہادتیں ہوئی ہیں وہ کسی ذاتی دشمنی کی بنیاد پر نہیں ہوئیں بلکہ پاکستان کے عوام کے لئے جانیں دی گئی۔ گلگت بلتستان کو تمام مشکلات سے نکال کر جمہوریت کی بنیاد رکھی ۔
ہمارا مدعا یہ تھا کہ ہمارے لیڈر کو قاتل نہیں بلکہ ہیرو قرار دیا جائے۔ نواز خان ناجی ، جاوید علی منوا اور کاظم میثم نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جبکہ وزیر قانون سید سہیل عباس، وزیر داخلہ شمس الحق لون ایوان سے باہر چلے گئے جبکہ دیگر تمام ارکان اسمبلی نے بغیر کسی اعتراض کے قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا۔