لاہور، 9 مارچ ( اے پی پی): ڈی آئی جی ٹریننگ محبوب اسلم للہ نے کہا ہے کہ ہماری خواتین میں بہت ٹیلنٹ ہے امید ہے کہ ہاکی میں یہی خواتین جلد پاکستان کا نام روشن کریں گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی میں خواتین کے مابین دوستانہ میچ کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مسز صوفیہ وڑائچ اور پاکستان میں آئرلینڈ کی اعزازی سفیر عاصمہ حامد بھی موجود تھیں ۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ جنید اور ان کی ٹیم کا شکر گزار ہیں کہ ان کی وجہ سے یہ خواتین اس طرح کے گروانڈ میں میچ کھیل اور دیکھ رہے ہیں اور جو خدمات ہاکی کے لیے ان کی ہیں وہ کسی تعریف کی محتاج نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے جو کام خواجہ جنید کر رہے ہیں اس کے رزلٹ آئندہ چند سالوں میں نظر آئیں گے اور جلد پاکستان ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا ۔
اس موقع پر پنجاب پولیس کی ٹرینی خواتین اہلکاروں نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن پر سجائے گئے اس ایونٹ میں آکر بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور میچ کھیل کر خوب لطف اندوز بھی ہوئیں ۔
تقریب کے آخر میں خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کیک بھی کاٹا گیا جبکہ مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔