9 مئی کو حملہ کرنیوالی ملک دشمن جماعت اب آئی ایم ایف کے پروگرام کو سبوتاژ کرنے پر تلی ہوئی ہے، وفاقی وزیر عطاء  اللہ تارڑ

21

اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کو اداروں پر حملے اور شہدا کی یادگاروں کو مسمار کرنے والی ملک دشمن جماعت اب آئی ایم ایف کے پروگرام کو سبوتاژ کرنے پر تلی ہوئی ہے، برانڈڈ جوتیاں اور برانڈڈ بیگ پہن کر پاکستان کے عوام کی امداد بند کرنے کیلئے احتجاج کرنے والوں کا پاکستان کی مٹی سے کوئی تعلق نہیں، ملک دشمن عناصر کی گھنائونی سازشوں کا آئی ایم ایف ڈیل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

وہ جمعہ کو پی ٹی وی ہیڈکواٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا ءاللہ تارڑ نے کہا کہ جب سے یہ حکومت قائم ہوئی ہے ،معاشی بحالی اور اصلاحات کے حوالے سے اچھی خبریں آرہی ہیں ، بلومبرگ جیسے عالمی جریدے وزیر خزانہ کی تقرری کو بہترین فیصلہ قرار دے رہے ہیں۔ وزیراعظم کی صلاحیت، مالیاتی اداروں کے ساتھ مذاکرات، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے اور معیشت کو دوام دینے کی کاوشوں کا اعتراف پوری دنیا کر رہی ہے۔ وزیر خزانہ کو معاشی معاملات پر مکمل کمان حاصل ہے، وہ چاہتے ہیں  کہ جلد از جلد ملک کے مسائل حل کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ایک ملک دشمن جماعت جس نے 9 مئی کو اداروں پر حملے کئے، شہداءکی یادگاروں کو مسمار کیا، اب آئی ایم ایف کے پروگرام کو سبوتاڑ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ سب کو پتہ ہونا چاہئے کہ سیاست بعد میں ملک  پہلے ہے، ہم اس ملک سے ہیں، یہ ملک 27 ویں رمضان المبارک کو معرض وجو د میں آیا، یہ تاقیامت رہے گا، اس ملک نے ہمیں بہت سی نعمتوں سے نواز اہے۔

انہوں نے کہا کہ جن ریاستوں کو بیرونی یا اندرونی خطرات لاحق ہوئے، وہاں مذہب یا نسل کی بنیاد پر لوگوں کے حقوق کو سلب کیا گیا، اس کے برعکس ہم آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف مشن کے ساتھ خوشگوار ماحول میں بات چیت جاری ہے، سٹاک ایکس چینج میں بہتری آرہی ہے ، دوست ممالک کے سربراہان نے حکومت کا خیرمقدم کیا۔ ہم نے تو میثاق معیشت کی بات اس وقت کی جب ہم اپوزیشن میں تھے، ہم آج بھی اس بات پر قائم ہیں، عوام نے ہمیں ووٹ دیکر یہاں بھیجا ہے، ہم اپنے خون پسینے سے ملک کو سنواریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ایف بی آر اصلاحات ، ٹیکس نیٹ بڑھانے، اخراجات کم کرنے کی بات کی ہے۔