بجلی چوری کی روک تھام کے لئے ڈسٹرکٹ لیول ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے منظوری دیدی

12

لاہور2اپریل:( اے پی پی )  پنجاب میں بجلی چوری کی روک تھام کے لئے ڈسٹرکٹ لیول ٹاسک فورس قائم کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اصولی منظوری دے دی۔

ٹاسک فورس میں پولیس،مجسٹریٹ، انٹیلی جنس، ریکوری،ڈی آفس،پراسیکیوشن اور محکمہ قانون کے نمائندے شامل ہوں گے جبکہ 600 سے زائد سپیشل پولیس فورسز کی ٹیمیں بھی انسداد بجلی چوری مہم میں شامل ہوں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں بجلی چوری کی روک تھام کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بجلی چوری سے متعلق قانونی امور کا جائزہ لیا گیا اور لاہور سمیت تمام اضلاع میں بجلی چوری کی مفصل رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں بجلی چوری کے مقدمات میں مضبوط اور موثر پراسیکیویشن کی ہدایت کی گئی، بجلی چوری روکنے اور ریکوری کے لئے قوانین میں ترمیم کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔

 سینیٹر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرویز رشید،وزیر اطلاعات وثقافت عظمی زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری، آئی جی، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹریز اور دیگر حکام موجود تھے۔