دو سے تین دنوں کے دوران مزید موسلادھار بارش کی پیشگوئی،مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا اندیشہ

3

اسلام آباد،18 اپریل (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے تین دنوں کے دوران مزید موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے، اس دوران دیر،سوات، چترال، کوہستان ، مانسہرہ،گلگت بلتستان اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں/ اور دریائے کابل سے ملحقہ علاقوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

 تیز بارش کے باعث بالائی خیبر پختونخوا،مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے جبکہ آندھی/جھکڑ/ ژالہ باری/گرج چمک اور تیز بارش کے باعث کھڑی فصلوں، کمزور انفرا سٹرکچر ( بجلی کے کھمبے،گاڑیوں،سولر پینل وغیرہ)کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش / ژالہ باری کابھی امکان ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان، کشمیر، بالائی سندھ ، جنوبی/شمالی مشرقی پنجاب میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش بلوچستان: گوادر 80، اورماڑہ 77، پسنی 66، جیوانی 40، پنجگور 15، کوئٹہ (سٹی 12، سمنگلی 10) ، قلات، تربت 11، خضدار، نوکنڈی، ژوب 05، دالبندین 04، لسبیلہ 03، سندھ: لاڑکانہ میں 01ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت:مٹھی 42، چھور 40،ٹھٹھہ،بدین اورسبی میں 39ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔