لاہور کی تعمیر وترقی کاپلان،وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہنگامی بنیادپر تکمیل کیلئے تین ماہ کی ڈیڈ لائن دیدی

1

لاہور 2اپریل:( اے پی پی ) “نیا دور…… صاف ستھرا لاہور” لاہور کی تعمیر وترقی کاپلان،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ہنگامی بنیادپر تکمیل کے لئے تین ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازہر10 دن کے بعدلاہور کی تعمیروترقی کے پلان پر عملدرآمد کا خود جائزہ لیں گی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے گلیاں پکی بنانے اور ٹف ٹائل لگانے کے پراجیکٹ کی منظوری دیدی جس میں لاہور کی تمام چھوٹی بڑی روڈزکی تعمیر ومرمت کی جائے گی۔ اجلاس میں لاہور کی دو لاکھ 22 ہزار سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور تمام علاقے بتدریج واسا سروسز ایریا میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ لاہور کے نوزون میں ڈرینج اور سیوریج کی بحالی اورتعمیر ومرمت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت لاہور کی تعمیر وترقی کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں سیورماسٹر پلان، واٹر ٹینک بنانے کے پراجیکٹ پر غور کیا گیا اور جامع پلان طلب کرلیا۔واسا کو مشینری اور افرادی قوت کی ضروریات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور کے تمام واٹر فلٹر یشن پلانٹ فنکشنل کرنے کا حکم دے دیا۔ اجلاس میں لاہور کی تعمیر وترقی،واسا، سینی ٹیشن اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر گلی محلے کو صاف دیکھنا چاہتی ہوں۔ صفائی کی مہم میں عوام بھی حکومت کا ساتھ دیں۔

 سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،پرویز رشید،صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ذیشان رفیق،ایم پی اے ثانیہ عاشق،معاون خصوصی ذیشان ملک،چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنرلاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔