وزیراعظم محمد شہباز شریف  سے  ایران کے سفیر کی ملاقات

0

اسلام آباد،2اپریل  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، توانائی تعاون، سڑک اور ریل رابطے، ثقافتی تبادلے، انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور سیکورٹی تعاون کو بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

 وزیراعظم محمد شہباز شریف  سے  ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کے دوبارہ انتخاب کے بعد مبارکباد کے پیغام اور ٹیلی فون کال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایران کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

وزیر اعظم نے ایرانی صدر کے ساتھ اپنی ملاقات کو یاد کیا جب انہوں نے مئی 2023 میں مشترکہ طور پر ایک سرحدی مارکیٹ اور بجلی کی ترسیلی لائن کا افتتاح کیا تھا۔انہوں نے تجارت، توانائی تعاون، سڑک اور ریل رابطے، ثقافتی تبادلے، انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور سیکورٹی تعاون کو بڑھانے کے لئے دونوں فریقوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے معاملے پر ایران کی حمایت کو سراہا۔

 ملاقات کے دوران فلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی سفیر نے وزیر اعظم کا استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے ایران کی پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔