اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نےبنگلہ دیش کے 53ویں قومی دن کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس تقریب میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کے ارکان ،سینیٹر مشاہد حسین سید سمیت دیگر سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے قومی دن کی مناسبت سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بیشتر امور میں معاونت میں وقت کے ساتھ اضافہ ہوا ہے۔دونوں ممالک کے مابین بلو اکانومی میں باہمی تعاون اور مشترکہ سرمایہ کاری کے بیشتر مواقع موجود ہیں۔دونوں ممالک مشترکہ مربوط معاونت سے ترقی و خوشحالی کے ممکنہ اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کی دوستی و باہمی تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
تقریب میں موقع کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔