لاہور، 4 اپریل (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ بڑا انسان صرف عہدے اور پیسے سے نہیں بلکہ بڑا انسان اچھے کردار سے بنتا ہے، دنیا کا اصول ہے کہ جب دوسروں کی بہتری چاہئیں گے تو ہم انشاء اللہ کامیاب ہوتے چلے جائیں گے۔
وہ گورنر ہاوس لاہور میں پاکستان یوتھ پارلیمینٹ کی جانب سے مختلف سویٹ ہوم سے تعلق رکھنے والے بے سہارا اوریتیم بچوں کے اعزاز میں منعقدہ افطارڈنر کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ پاکستان یوتھ پارلیمینٹ کے اراکین اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے بچوں سے مخاطب ہو کر کہا ہے کہ آپ ایک بہتر اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہیں، آپ نے دلجمی کے ساتھ تعلیم حاصل کر کے بڑا انسان بننا ہے ، میں تمام سویٹ ہومز اور خاص طور پر پاکستان یوتھ پارلیمینٹ کا بہت شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمارے لئے یہ موقع فراہم کیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اس تقریب کے انعقاد میں پاکستان یوتھ پارلیمینٹ نے کلیدی کردار ادا کیا ہے جس پر میں اور میری اہلیہ ان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ جیسے ننھے منے اور عظیم مہمانوں کو گورنر ہائوس آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آپ نے تعلیم حاصل کرنی ہے اور بڑا انسان بننا ہے کیونکہ بڑا انسان صرف عہدے اور پیسے سے نہیں بنتا ، بڑا انسان اچھے کردار سے بنتا ہے۔آپ نے اچھا کردار حاصل کرنا ہے، آپ نے خود کو بہترین علم کی دولت مالا مال کرنا ہے اور بڑوں کی عزت کرنی ہے اور آگے بڑھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں جتنے بھی انسان ہیں چاہے وہ کسی عہدوں پر ہیں چاہے وہ مختلف جگہوں پر کام کر رہے ہیں ہر شخص کی زندگی میں اللہ تعالی نے جہاں اسے بہت سی چیزوں سے نوازا ہے وہاں دنیا ایک آزمائش کی جگہ ہے اس کی زندگی میں کچھ کمیاں بھی ہیں اور اپنی زندگی میں کبھی بھی اپنی کمیوں کی وجہ سے اس چیز سے نہیں دور رہنا چاہئے جس سے اللہ تعالی کی شکر گزاری میں کوئی کمی آئے۔ حضورصلی اللہ علیہ وسلم نے چھوٹی عمر میں اپنے والدین کو کھو دیا تھا لیکن وہ دنیا کے عظیم ترین انسان تھے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سویٹ ہومز ، ان کے آرگنائزرز اور ان کا جتنا بھی سٹاف ہے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ کوشش کر رہے ہیں وہ ہمارے اس سب سے قیمتی اور بہترین اثاثے کو اور کارآمد بنائیں اور ان کی تعلیم کے ساتھ بہترین تربیت کریں۔
انہوں نے کہا کہ میں یوتھ پارلیمینٹ او ر انکے عہدیداروں کا بھی شکر گزار ہوں کہ آپ سب یہاں پر آئے، میری دعا ہے کہ اللہ تعالی آپ کو ہر تکلیف سے دور رکھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچے ہمارا بہت قیمتی اثاثہ ہیں جبکہ معاشرے کی بہت بڑی ذمہ داری ہے کہ ان کی دیکھ بھال کرے۔ اللہ نے جو نظام قائم کیا ہے اس نظام میں کسی کو دے کر آزماتا ہے اور کسی سے لیکر آزماتا ہے یہ پورے معاشرے کیلئے بہت بڑی آزمائش ہے کہ ان بچوں کا خیال رکھے۔