حکومت دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں پوری طرح سرگرم ہے؛  عطاء اللہ تارڑ

11

 

اسلام آباد،25اپریل(اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد کے ذریعے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑاگیا، 2018 میں بننے والی حکومت کے دور میں نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ کو روکا گیا۔کالعدم تنظیموں کے ساتھ مذاکرات کو ترجیح دی گئی۔ حکومت دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں پوری طرح سرگرم ہے، وفاقی حکومت دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ملک بھر میں خود کش حملوں اور امن و امان کی صورتحال پر توجہ دلاؤ نوٹس  کے  جواب میں  وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ پشاور اے پی ایس حملے کے بعد سب نے مل کر نیشنل ایکشن پلان پر کام شروع کیا،مگر 2018میں آنے والی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے میٹنگز نہیں کیں۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے نوٹس لیا، استفسار کیا کہ 2018ء سے 2022ء تک عملدرآمد کیوں نہیں ہوا؟ پی ٹی آئی دور حکومت میں دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کئے گئے، دہشت گردوں کے ساتھ بات چیت کے لئے نیشنل ایکشن پلان کو روکا گیا۔

انہوں نے کہا 2022 کے بعد اتحادی فوجوں کے انخلاء سے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا، دہشت گردوں نے اتحادی افواج کے انخلاء کے بعد سرگرمیاں تیز کیں۔