حکومت پاکستان  چینی باشندوں کے  بھرپور تحفظ کو یقینی بنانے کےلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی، وزیراعظم محمد شہباز شریف

21

داسو ۔1 اپریل  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  ملک میں کام کرنے والے چینی باشندوں کے ہر ممکن تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی دوست پاکستان کی ترقی  اورخوشحال کےلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ان کی سلامتی ہماری سلامتی ہے، ہم ان کی فول پروف سیکورٹی یقینی  بنائیں گے،بشام واقعہ کے پس پردہ پاکستان کے دشمن کارفرما ہیں،  واقعہ میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو  بشام واقعہ کے تناظر میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز اور ماہرین سے   تعزیت اور اظہار یکجہتی کےلئے دورہ داسوکے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر بشام واقعہ میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے چینی انجینئرز کی یاد میں 30 سیکنڈ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر چینی انجینئروں سے ملاقات بھی کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ چینی بہن اور بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے داسو کا دورہ کیاہے۔

 26 مارچ کو بشام میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر چینی انجینئرز اور ورکرز سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں جس میں 5 چینی انجینئرز اور ایک پاکستانی جاں بحق ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بشام واقعہ دہشت گردوں کا بزدلانہ فعل تھا جس کا مقصد پاکستان اور چین کی غیر معمولی دوستی کو متاثر کرنا تھا، یہ فعل پاکستان کے دشمنوں کا ہے۔ ہمارے دشمن دونوں ملکوں کے درمیان روز بروز مستحکم اور وسیع ہوتی دوستی کو متاثر کرنے کیلئے کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے تاکہ چین اور پاکستان جیسے آئرن برادرز کی دوستی میں رخنہ ڈالا جا سکے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ ، وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان ،انجینئر امیر مقام، چیئرمین واپڈا  لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی ، چینی سفیر جیانگ ژائی ڈونگ، چینی کمپنی کے اراکین  اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔

پاکستان میں چین کے سفیر جیان ژائی ڈونگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حملے کے فوری بعد وزیراعظم نے اظہار یکجہتی کیلئے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا۔ وزیراعظم نے چینی باشندوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے  اپنی مصروفیت کے باوجود چینی انجینئرز سے اظہار یکجہتی کیلئے داسو کا دورہ کیا ہے جس پر  وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ چینی سفیر نے کہا کہ  وزیراعظم پاکستان نے چینی باشندوں کی فول پروف سیکورٹی کی یقین دہانی کرائی۔