خالصہ جنم دن اور ویساکھی میلہ تقریبات میں شرکت کیلئے 3 ہزارسکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

8

لاہور۔13اپریل  (اے پی پی):بھارت سے3 ہزارسکھ یاتری   خالصہ کے 325 ویں جنم دن اور ویساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے13اپریل بروز ہفتہ واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر،متروکہ وقف املاک بورڈ کے  ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم،سردار ستونت سنگھ، سردار تارا سنگھ، سردار ڈاکٹر ممپال سنگھ، ستونت کوراور پاکستان گورد وارہ  پربندھک کمیٹی کے  اراکین سمیت دیگر سکھ ر ہنما ئوں نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

  اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے  صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ پاکستان میں سکھوں کے مقدس مقامات کو مکمل تحفظ حاصل ہے،سکھ یاتری پوری آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں،   سکھوں اور پاکستان کا رشتہ ناخن اور گوشت  کا ہے، جس طرح ناخنوں سے گوشت الگ نہیں ہو سکتا، اسی طرح سکھ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان گورد وارہ  پربندھک کمیٹی کی مشاورت سے سکھ یاتریو ں کی مہمان نوازی کے لیے تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائی گئیں۔انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو بذریعہ سپیشل ٹرین حسن ابدال روانہ کیا جائے گا جہاں پر ویساکھی میلہ کی مرکزی تقریب آج 14اپریل بروز اتوار گورودوارہ پنجہ صاحب میں منعقد ہو گی ،  15اپریل بروز سوموار کو یاتری حسن ابدال سے ننکانہ صاحب پہنچیں گے جہاں پرقیام کے دوران سچا سودا فاروق آباد کی یاترا کریں گے اور 18اپریل کو گورو دوارہ دربار صاحب کرتار پور نارووال جائیں گے، 20اپریل کو رہڑی صاحب ایمن آباد کا دورہ کر کے لاہور پہنچیں گے جہاں دو روز قیام کریں گے۔انہوں نے کہاکہ سکھ یاتریوں کی فرمائش پر لاہور میں ان کا قیام مزید ایک دن بڑھا دیا گیا ہے جہاں پر وہ تاریخی مقامات کی سیراور چیزوں کی خریداری کریں گے، سکھ یاتری 22اپریل کو اپنی 10روزہ یاترا مکمل کرنے کے بعد واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور نے  وزیر ٹرانسپورٹ اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز کے ہمراہ سکھ یاتریوں کو واہگہ چیک پوسٹ سے واہگہ ریلوے اسٹیشن لے جانے کیلئے بس شٹل سروس کا افتتاح بھی کیا۔

 اس موقع پرصوبائی ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سکھ یاتریوں کیلئے ٹرانسپورٹ و دیگر سہولیات کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، اس بار سکھ یاتریوں کو بسوں کے ساتھ ساتھ ٹرین کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں  بورڈ نے سکھ یاتریوں کیلئے پہلے سے بھی بہتر انتظامات کئے اور امید کرتے ہیں کہ یاتری پاکستان سے اچھی یادیں لے کر واپس جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کے مقدس مقامات میںبجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھی موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ بھارتی وفد کے سربراہ سردار کلونت سنگھ منن نے کہا کہ پاکستان آکر ہمیں بہت خوشی ہو ئی ہے، جو پیار اور محبت پاکستانی حکام اور عوام کی طرف سے دیا گیا ہے، وہ اپنی مثال آ پ ہے،پاکستانی حکومت اور عوام نے ہمیشہ سکھ برادری کو عزت اور محبت دی ہے جس کا ہم تہہ دل سے شکریہ ادا اور امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں محبت و پیار کایہ رشتہ مزید مضبوط ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ رمیش سنگھ اروڑا کا صوبائی وزیر بننا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔دریں اثناء صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش اروڑا نے سکھ یاتریوںکیلئے مذہبی رسومات کی ادائیگی میں بہتر سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی طور پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔