اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی قوم تعلیم اور شعور کے بغیر ترقی وخوشحالی کی منزل حاصل نہیں کرسکتی جب تک قوم کے کروڑوں بچوں کےلئے تعلیم کابندوبست نہیں کیا جاتا اس وقت تک قائداعظم کے پاکستان کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ دانش سکولوں کا دائرہ کار اسلام آباد ، آزاد جموں وکشمیر ، گلگت بلتستان اور دیگر صوبوں تک بھی پھیلایا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں دانش سکول سائیٹ کے معائنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم ، وائس چانسلر ، اساتذہ کرام ، سیکرٹری تعلیم ، مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں قوم کے بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کےلئے پنجاب میں جو کوششیں شروع ہوئی تھیں اس کے دائرہ کا ر میں توسیع کی جا رہی ہے۔ دانش سکول میں زیادہ تر وہ بچے داخل ہیں جو ذہین وفطین ہیں مگر جن کے والدین کے پاس تعلیم کے وسائل موجود نہیں تھے یا جن کے والدین اس دنیا سے چلے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دانش سکول اسلام آباد کےلئے 10 ایکڑ زمین فراہم کی جا رہی ہے جہاں تمام جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی مشاورت کے ساتھ آزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان ، بلوچستان اور سندھ کے دور دراز علاقوں میں یہ سکول بنائے جائیں گے ، ہماری کوشش ہو گی کہ ان علاقوں کے ہر ڈویژن میں یہ سکول قائم ہوں۔گلگت بلتستان ، آزاد جموں وکشمیر، بلوچستان اور سندھ کے دور دراز علاقوں میں دانش سکولوں کے قیام کےلئے سو فیصد وسائل وفاق کی جانب سے فراہم کئے جائیں گے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے بڑی قومی خدمت ہو ہی نہیں سکتی۔ 26 ملین سکول نہ جانے والے بچوں کی تشویشناک تعداد کو “مجرمانہ غفلت”قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ قائداعظم کا پاکستان کے بارے میں خواب ان کی تعلیم کے انتظامات کیے بغیر ادھورا رہے گا،اس لئے تعلیم کو ہنگامی شعبہ قرار دیں گے۔