ساہیوال، 23 اپریل(اے پی پی):ورلڈ ارتھ ڈے کے موقع پر ساہیوال میڈیکل کالج میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
مہمان خصوصی ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک کا استعمال انسانی،حیوانی اور آبی حیاتیات کی صحت اور زندگیوں کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے، پلاسٹک کا استعمال کینسر اور دیگر موذی بیماریوں کا باعث بنتا ہے اس بے شمار نقصانات ہیں ۔انہوں نے اپنی روزمرہ زندگی میں سادگی اپنانے اور پلاسٹک بیگز کا کم سے کم استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان نے کہا کہ عوام کپڑے اور کاغذ کے تھیلوں کو ترجیح دیں اور زمین اور قدرتی ماحول کو آلودگی سے بچانے کیلئے پلاسٹک کی اشیاء کا استعمال ترک کریں کیونکہ پلاسٹک بیگز کا بے جا استعمال زمینی، فضائی اور آبی آلودگی کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پلاسٹک بیگز کا خاتمہ قومی فریضہ سمجھ کر کرنا ہے پلاسٹک بیگز کا خاتمہ کرکے ہم اپنے ماحول کو آلودگی سے پاک، صاف ستھرا ور پاکیزہ بنا سکتے ہیں پلاسٹک بیگ کے خاتمہ سے ملک سرسبز و شاداب ہو گا او ر ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہو ں گے۔