سرگودھا، 30 اپریل(اے پی پی): 4 مئی بین الاقوامی فائر فائٹر ڈے کے حوالے سے سرگودھا ڈویژن کے اضلاع کی فائر کوئیک ریسپانس ٹیموں کے مابین اونچی عمارت میں ریجنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر فوادشہزاد کے زیر نگرانی فائر اینڈ ریسکیو مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔
مقابلے میں ضلع سرگودھا، خوشاب میانوالی اور بھکر کی کوئیک ریسپانس فورس کی ٹیموں نے حصہ لیا، تمام ڈسرکٹ ایمرجنسی آفیسرز نے اپنے اضلاع کی ٹیموں کی نمائندگی کی۔ ان مقابلوں میں پلازے کی منزل پر لگی آگ پر قابو پانا اور بلڈنگ میں پھنسے ہوئے افراد کو باحفاظت ریسکیو کرنا شامل تھا۔
مقابلے میں ضلع میانوالی کی ٹیم نے اول پوزیشن حاصل کی جبکہ سرگودھا کی دوسری پوزیشن رہی۔ میانوالی کی ٹیم 4 مئی عالمی فائر فائٹر ڈے کے موقع پر ایمرجنسی سروس اکیڈمی لاہور میں ہونے والے مقابلہ جات میں سرگودھا ڈویژن کی نمائندگی کرے گی۔ ریجنل ایمرجنسی آفیسر نے ڈویژن لیول کے مقابلے کے انعقاد کےلیے بہترین انتظامات کرنے پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظہرشاہ کو خصوصی شاباش دی جبکہ میانوالی کی ٹیم کو مقابلہ جتنے پر مبارکباد دی۔