سکھر۔ 02 اپریل (اے پی پی):ایس پی موٹر وے سکھر رانا محمد اسماعیل نے کہا ہے کہ سٹرک حادثات میں اموات کی شرح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے جس کی بنیادی وجہ ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اروڑ یونیورسٹی سکھر میں منعقدہ روڈ سیفٹی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ آئی جی موٹر وے سلمان چوہدری ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن منیر احمد شیخ اور ڈی آئی جی موٹر وے سندھ محمد سلیم کی خصوصی ہدایت پر اروڑ یونیورسٹی سکھر میں سٹرک حادثات سے بچاؤ سے متعلق روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ایس پی موٹر وے سکھر رانا محمد اسماعیل تھے ۔ یونیورسٹی کے اساتذہ سمیت طلبہ کی بڑی تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔
ایس پی موٹر وے سکھر رانا محمد اسماعیل نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڈ حادثات میں اموات کی شرح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے جس کی بنیادی وجہ ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنا اور خصوصاً ملک کے دیہی ور شہری علاقوں میں موٹر سائیکل سواروں کا ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا ہے جس کے لئے موٹر وے پولیس وقتاً فوقتاً مختلف مہم کا انعقاد کرتی ہے جس میں جرمانے کرنا ، قومی شاہراہوں ، شہروں اور دیہاتوں میں لوگوں میں ہیلمٹ اور سائیڈ شیشوں کی افادیت سمیت روڈ سیفٹی بارے بریفنگ دینا شامل ہے ۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر زاہد حسین کھنڈ نےکہا خطاب کرتے ہوئے کہاکہ روڈ سیفٹی سے متعلق مفید معلومات اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سے یونیورسٹی کے اساتذہ سمیت طلبہ میں شعور پیدا ہوگا جبکہ موٹر وے پولیس ملک میں وہ واحد ادارہ ہے جو روڈ حادثات سے بچاؤ اور ٹریفک قوانین سے متعلق معلومات فراہم کررہا ہےجس سے روڈ حادثات میں کمی دیکھی جارہی ہے۔
سیمینار کے اختتام پر حاضرین سے روڈ سیفٹی سے متعلق سوالات کئے گئے ،درست جوابات دینے والوں میں ایس پی موٹر وے سکھر نے انعامات بھی تقسیم کئے جبکہ حاضرین نے موٹر وے پولیس کی جانب سے یونیورسٹی میں لگائے گئے روڈ سیفٹی سٹال میں رکھی گئی موٹر وے پولیس کی پیشہ ورانہ امور میں استعمال ہونے والی اشیامثلا سپیڈ چیکنگ کیمرہ، ہڈرالک کٹر سمیت مختلف اشیاکو دیکھا اور اس میں دلچسپی کا اظہار کیا۔