سکھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبہ کیساتھ منائی جارہی ہے ،نماز عید میں ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے دعائیں مانگی گئیں

22

سکھر،10اپریل(اے پی پی): ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ عیدالفطر کے موقع پر گلشن عیدگاہ ، جناح میونسپل اسٹیڈیم ، جامع مسجد بند روڈ ، نمائش گراﺅنڈ پرانے سکھر، مساجد مرکزی امام بارگاہ سمیت ضلع بھر میں 230 سے زائد مختلف چھوٹے بڑے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔

 نماز عید کے اجتماعات کے خطبات میں آئمہ مساجد و خطباءنے اسلام دشمن قوتوں کے خلاف امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے عید کے اہم دن کے موقع پرباہمی احترام، مذہبی رواداری کی تلقین کی۔

 نماز عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی و استحکام، ترقی و خوشحالی، اسلام کی سربلندی کے علاوہ،غزہ میں اسرائیلی ظلم و تشدد سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کے ایصال ثواب، مقبوضہ کشمیر کی آزادی، بھارت اور کشمیر میں مسلمانوں کے تحفظ سمیت عالم اسلام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

 نماز عید کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات اٹھائے گئے ، مرکزی عید گاہ، مساجد، امام بارگاہوں اور عید کی نماز کے مقامات پر پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔