پشاور، 4اپریل(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کا گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہ رخ علی نے مشیر سیاحت و ثقافت کو گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے انتظامی امور اور ترقیاتی سکیموں کے علاؤہ اتھارٹی کی کارکردگی اور درپیش مسائل سے اگاہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر سیاحت و ثقافت زائد چن زیب کا کہنا تھا کہ سیاحت کسی بھی ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ گلیات کو ہرقسم کی آلودگی سے پاک ماحول دوست اور سیاحوں کیلئے پرکشش بنایا جائے اور یقین دلایا کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو درپیش مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ ڈی جی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ بلڈنگ پلان کمیٹی جو گزشتہ دو سال سے فعال نہیں تھی اس کو فعال کر دیا گیا ہے۔
مشیر سیاحت و ثقافت نے یہ بھی ہدایت کی کہ بلڈنگ پلان و نقشہ جات جو گزشتہ دو سال سے منظور نہیں کیے جا رہے تھے انکی قانون کے مطابق چھان بین مکمل کرکے جلد از جلد منظوری دی جائے۔ مشیر سیاحت و ثقافت کا کہنا تھا کہ ایسی تمام ہائی رائز بلڈنگ جو ٹیکنیکل سروے کے بغیر تعمیر کی گئی ہیں ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔
زاہد چن زیب نے یہ بھی ہدایت کی کہ گلیات میں سیاحوں کی مکمل رہنمائی اور انہیں سہولیات سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے نئے سائن بورڈ نصب کیے جائیں اور ان کے ساتھ ساتھ مناسب فاصلے کے بعد بہترین پبلک واش روم کا انتظام کیا جائے ۔مشیر سیاحت کا کہنا تھا کہ عید کے فورا بعد گلیات میں چار کنال پر محیط مجوزہ پبلک پارکنگ کا انتظام کیا جائے تاکہ سیاحتی سیزن میں ٹریفک کے مسائل پیدا نہ ہونے پائیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر سیاحت و ثقافت کا مزید کہنا تھا کہ تمام ہوٹلز کو گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ کیا جائے اور اتھارٹی کے زیر انتظام تمام پارکس میں ماحول دوست شجر کاری کی جائے اور پھول لگائے جائیں جو سیاحوں کیلئے زیادہ کشش اور دلچسپی کا باعث بنیں۔