اسلام آباد، 02 اپریل(اے پی پی):ایوان بالا کی 30 خالی سیٹوں پر پولنگ کا عمل شروع ہوگیا جوکہ شام 4 بجے تک جاری رہے گا، جبکہ خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی کردیئے گئے۔
وفاقی دارالحکومت میں دو سینیٹرز کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی ہال میں پولنگ شروع ہوگئی ہے۔ٹیکنوکریٹ کی نشست کے لیے مسلم لیگ ن کے اسحاق ڈار اور سنی اتحاد کونسل کے راجہ انصر کیانی کے درمیان مقابلہ ہے جب کہ جنرل نشست کے لیے پیپلز پارٹی کے رانا محمود الحسن اور سنی اتحاد کونسل کے فرزند حسین شاہ کے درمیان مقابلہ ہے۔ارکان قومی اسمبلی اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں اور پولنگ سہ پہر چار بجے تک جاری رہے گی۔
پنجاب میں پنجاب اسمبلی لاہور میں 5 سینیٹرز کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی لاہورمیں ووٹ ڈالے جارہے ہیں ۔صوبے میں خواتین کی دو اور ٹیکنو کریٹس کی دو نشستوں اور خواتین کی ایک اقلیتی نشست پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔
سندھ میں بارہ سینیٹرز کے انتخاب کے لیے کراچی میں سندھ اسمبلی کی عمارت میں پولنگ جاری ہے۔صوبے میں کل انیس امیدوار بارہ نشستوں کے لیے میدان میں ہیں جن میں سات جنرل نشستیں، خواتین اورٹیکنوکریٹس وعلماء کرام کی دو۔دوجبکہ اقلیتی امیدواروں کی ایک نشست شامل ہے۔
الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کردیئے ہیں۔اس حوالے سے فیصلہ صوبائی الیکشن کمشنر نے کیا۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کمیشن نے آئین اور قانون میں تفویض کردہ اختیارات بروئے کار لاتے ہوئے مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان کی حلف برداری تک خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے پہلے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی تھی۔
جس کے مطابق پنجاب کی 7 جنرل نشستوں اور بلوچستان کی 7 جنرل اور 2 خواتین نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے جن میں سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، محسن نقوی، پرویز رشید، احد چیمہ، طلال چوہدری اور دیگر شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن بلوچستان اورپنجاب کی خالی نشستوں پر 18 امیدواروں کے بلامقابلہ منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن پہلے ہی جاری کرچکا ہے، باقی 30 نشستوں پر پولنگ آج قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں جاری ہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے معاملے پر اپوزیشن نے سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست جمع کرادی تھی، بعد ازاں صوبائی الیکشن کمشنر نے انتخاب ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
درخواست اپوزیشن کے احمد کریم کنڈی نے صوبائی الیکشن کمیشنر کے پاس جمع کرائی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہمارے 25 ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا، الیکشن ملتوی کیا جائے۔