ملتان،05 اپریل (اے پی پی):کمشنرملتان ڈویژن مریم خان نے کہا ہے کہ شہر کے کسی ایک مقام کو فروٹ ایونیو بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ فروٹ ایونیو سے ہر شخص فروٹ حاصل کرسکے گا۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے گرین فیوچر وژن کے مطابق ڈویژن میں شجرکاری مہم کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پی ایچ اے کو نادرن بائی پاس پر سرکاری زمین پر لگائے گئے بورڈز ہٹانے اور سوہانجنا اور نیم کے درخت لگانے کاحکم دیا۔ کمشنرملتان نے مزید کہاکہ نادرن بائی پاس اور اطراف پر لوکل اجناس کے درخت لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سڑک کی سائیڈ پر درختوں کے لئے گہرے گڑھے کھودنا چیلنج تھا۔
مریم خان نے کہاکہ پلکن ایونیو، املتاس ایونیو کی طرح لوکل اجناس کے مختلف ایونیو بنائیں گے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے آصف رﺅف نے بتایا کہ نادرن بائی پاس پر پلکن، تبوبیا، سکھ چین کے 3000 تیار پودے لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شجرکاری کی ساتھ ان کی حفاظت کا نظام بھی وضع کیا گیا ہے۔