اسلام آباد،23اپریل (اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری سے منگل کو پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے وفد نے ملاقات کی اور صدر ِمملکت کو دل کی بیماریوں کے پھیلاؤ کی روک تھام اور آگاہی پیدا کرنے میں تنظیم کے کردار کے بارے میں بتایا۔
وفد نے صدر کو اپنی انجائنا اور ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہونے والی اموات روکنے، کم کرنے اور کنٹرول کرنے کی کوششوں کی بریفنگ دی۔ صدر مملکت نے پاکستان میں دل کی بیماریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس سے بچاؤ کیلئے صحتمند طرز زندگی کیلئے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر مملکت نے امراضِ قلب اور غیر متعدی امراض سے بچاؤ کے جامع پروگرام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے
کاربونیٹیڈ اور میٹھے مشروبات میں چینی کی مقدار بارے ہیلتھ ایڈوائزری نمایاں کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایات دیں۔ صدر مملکت نے صحت مند طرز ِزندگی کے فروغ میں پناہ کے کردار کو سراہا۔