اسلام آباد،4اپریل (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں چین کے سفیر چیانگ زئے دونگ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے انسداد دہشت گردی کے شعبہ میں تعاون اور انٹیلی جنس شیئرنگ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ صدر مملکت اور چینی سفیر نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے اپنے چینی بھائیوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔