صوبائی وزراء میناخان اور قاسم علی شاہ کا پشاور شہر کے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

32

 

پشاور،15،اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے پشاور شہر میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا باقاعدہ دورہ کیا اور لوگوں کو درپیش مشکلات اور مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

 اس موقع پر انکے ہمراہ صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے دونوں صوبائی وزراء نے چارسدہ روڈ، پجگی روڈ، شاہی کٹھہ، سردار کالونی سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا اس موقع پر صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے چارسدہ روڈ بُدھنی نالہ سائیڈ وال کا بقایا حصہ جلد از جلد مکمل کرنے اور تمام متعلقہ اداروں سے امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل کوحل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں۔صوبائی وزراء نے عوام سے اپیل کی کہ سیلاب اور دوسری قدرتی آفات میں حکومت اور سرکاری اداروں کی سرگرمیوں میں مکمل تعاون کریں، ناگہانی اور قدرتی آفات میں اکثر عوام کے عدم تعاون پر امدادی سرگرمیوں میں دشواریاں پیش آتی ہیں۔