لاہور 8 اپریل( اے پی پی ) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے مینٹلی چیلینجڈ بچوں کے ادارے چمن کا دورہ کیا۔ خصوصی بچوں کے لیے چمن میں رہائشی سہولیات کا افتتاح کیا۔
عمارت میں ہوسٹل، خصوصی واش رومز اور میس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ صوبائی وزیر نے خصوصی بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔ بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کیے۔ ننھے منے بچے نے بھی صوبائی وزیر کو اپنے درمیان پا کر انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔
صوبائی وزیر نے بچوں کو گلے لگا کر ان سے شفقت کا اظہار کیا۔ بچے کھلونے دیکھ دیکھ کر خوشی سے اچھلتے رہے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے چمن کا دورہ بھی کیا۔ بچوں کے لئے میسر ماحول اور سہولیات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے سہولیات کو مزید بہتر بنانے کا حکم بھی جاری کر دیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے میڈیا سے اپنی گفتگو میں کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر کے تحت یہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ مشعل راہ فاونڈیشن کے تعاون سے اس عمارت کی ری ویمپنگ کی جا رہی ہے۔ میں چیئرپرسن مشعل راہ آمنہ آفتاب کا بے حد مشکور ہوں۔ یہ بہت نیکی کا کام ہے، اجر دینے والی ذات بے شک اللہ کی ہے۔ یہ بچے اس چمن کے ہمارے پھول ہیں۔ ان پھولوں کی نگہداشت ہمارا فرض ہے۔ ریاست ہو گی ماں جیسی ہمارا مشن ہے۔یہ بچے ریاست کے بچے ہیں ان کی نگہداشت ریاست کرے گی۔ گزشتہ حکومتوں کی طرح ان بچوں کو بے یارومددگار نہیں چھوڑیں گے۔ ان بچوں کو سہولیات مہیا کرنے میں کسی قسم کے کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ خصوصی بچوں کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا کر ادارے کو سٹیٹ اف دی آرٹ بنانے جا رہے ہیں۔ ادارے میں موجود خصوصی بچے خاص توجہ کے مستحق ہیں۔
میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ خواتین پر تشدد ناقابل قبول ہے۔ عنقریب خواتین کی دادرسی اور تشدد کا شکار خواتین کی ریسکیو کے لئے 1737 ہیلپ لائن کا افتتاح کر رہے ہیں۔ “سی ایم پنجاب ویمن پروٹیکشن ہیلپ لائن” نادار اور مظلوم خواتین کا سہارا ہو گا۔ گھریلو ملازمین بچیوں کےخلاف تشدد کے تدارک کے لئے بھی سخت قانون سازی کر رہے ہیں۔