پشاور۔ 15 اپریل (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکورخان نے پیر کو دریائے خیالی میں پانی کی سطح میں اضافے کے بعدیونین کونسل ترناب کے ڈاگی مکرم خان، ابابکری اور شاہی کلالی علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ مال کے افسران اور پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر فضل شکور خان نے دریا کے قریب بسنے والے لوگوں کو احتیاط کرنے کی اپیل کی اور مقامی لوگوں کو پچھلے سیلاب سے متاثرہ حفاظتی پشتیں تعمیر کرانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب اور دوسرے قدرتی و ناگہانی آفات سے بچانے کیلئے ہمیں اقدامات اٹھانے ہیں، ہماری حکومت کا سیلاب سے بچنے کیلئے ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جسے بہت جلد شروع کیا جائیگا، اس پراجیکٹ سے سیلاب سے جتنے بڑے پیمانے پر تباہی ہوتی ہے اسکو کافی حد تک کم کیا جاسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ میرے حلقہ میں دو تین جگہ پر اس اہداف کو اگلے سال تک پورا کرینگے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے درخواست کی کہ فلڈ ریلیف میں خیبر پختونخوا کو زیادہ فنڈ دیاجائے کیونکہ یہ صوبہ دوسرے صوبوں کی نسبت سیلاب سے زیادہ متاثر ہوتاہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ناگہانی اور قدرتی آفات میں عوام کو حکومت اور سرکاری اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہیے تاکہ مشکل کی گھڑی میں لوگوں کو نقصانات نہ اٹھانا پڑیں۔ فضل شکور خان نے کہا کہ تاہم باہمی تعاون سے ہر مشکل اور مصیبت کا استقامت کے ساتھ مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔