ملتان، 26 اپریل(اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملتان ضلع میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے،انسداد پولیو مہم کا افتتاح کمشنر مریم خان نے بچے کو قطرے پلا کر کیا۔
کمشنر مریم خان نے کہا کہ پانچ روزہ مہم میں ضلع ملتان میں 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں پولیو کے قطرے پلانے کیلئے 4380 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ، پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہ پلانے والے والدین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کمشنر نے کہا کہ پولیو کے قطرے بالکل محفوظ ہیں،شہری غلط پراپیگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رضوان قدیر نے کہا کہ ضلع کے ہر ہسپتال، ڈسپنسری، بس ویگن سٹینڈ، ریلوے اسٹیشن پر ٹیمیں موجود رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا خواب ہے، پولیو وائرس کے خاتمے تک ہم سب کو بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے ہیں۔
اس موقع پر ڈائیریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر وسیم رمزی،سی او ہیلتھ ڈاکٹر فیصل و دیگر ڈاکٹرز و افسران موجود تھے۔