عید کی تیاریاں،  مہندی اور چوڑیوں  کے بغیر ادھوری

37

 اسلام آباد ، اپریل02  (اے پی پی ):    عید کی تیاریوں کی بات ہو اور مہندی اور چوڑیوں کا ذکر نہ ہو  ایسا ممکن نہیں ۔  ماہ رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی عید کی تیاریاں بھی شروع ہو جاتی ہیں اور جوں جوں عید قریب آتی ہے، لوگوں کے جوش و خروش  میں بھی اضافہ ہوتا جاتا ہے ۔ بازاروں میں جگہ جگہ عید کی مناسبت سے اشیاء  کے سٹالز سج جاتے ہیں جہاں  لوگ جوتوں ، کپڑوں ، زیورات  وغیرہ کی خریداری میں مصروف نظر آتے ہیں  اور بازاروں میں لوگوں  کا رش قابل دید ہوتا ہے ۔

سب تیاریاں ایک طرف لیکن لڑکیوں کی عید کی تیاریاں مہندی اور چوڑیوں کے بغیر نامکمل رہتی ہے اس لیے  عید کی شاپنگ کے دوران اور خصوصی طور پر چاند رات کو  مہندی اور چوڑیوں کے سٹالز پر سب سے زیادہ رش نظر آتا ہے اور اس بات سے بھی انکار نہیں کہ عید کے رونق بھی رنگ برنگی چوڑیوں  کی کھنک اور مہندی  کے رنگوں اور خوشبو کے بنا  ادھوری ہے ۔ یہ مہندی اور چوڑیاں جہاں ہماری خوبصورت ثقافت  کا حصہ ہیں وہیں  یہ ہماری خوشیوں کا خوبصورت اظہار بھی ہے۔