اسلام آباد، 26 اپریل (اے پی پی): قائد تحریک آزادی کشمیر اور لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان مرحوم کی اٹھویں برسی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئےکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے زیر اہتمام دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت کنوینر محمود احمد ساغر نے کی۔
اس موقع پر ممتاز حریت پسند کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کنوینر نے کہا کہ امان اللہ خان نے اپنی زندگی محکوم و مظلوم جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی کیلئے صرف کی۔ مقررین نے بھارت کے جبری تسلط سے جموں و کشمیر کی آزادی تک اپنے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم دنیا کی نامور انسانی حقوق کے تحفظ کی تنظیموں خاص کر ایمنسٹی انٹرنیشنل،ایشاء واچ،اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جموں کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سنجیدہ نوٹس لیکر انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق اپنی اخلاقی زمہ داریوں کو پورا کریں۔
انھوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں رکوانے کے لیے بھارت پر دبائو بڑھائے۔ آخر میں شہدائے کشمیرکے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعاکی گئی۔











