اسلام آباد،26 اپریل(اے پی پی):محکمہ موسمیات نے آئندہ تین سے چار دنوں کے دوران بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں موسلادھار بارشوں اور چند مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔بارشوں کے باعث مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے جبکہ اس دوران تیز بارش کے باعث لینڈسلائیڈنگ، آندھی و ژالہ باری سے انسانی جانوں ، کھڑی فصلوں اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہا۔ تاہم بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب اوربالائی سندھ میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش پنجگور 15، خضدار 05، دالبندین، ژوب 04، کوئٹہ(سمنگلی04، سٹی 03) ، قلات 03، بارکھان 02، دروش، پاراچنار 08، چترال، میرکھانی 05، کالام 01، پنجاب: ڈیرہ غازی خان 01، جیکب آباد میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق دادو ، خیرپور، موہنجو داڑو اور جیکب آباد میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔