مری،15 اپریل (اے پی پی ): ملکہء کوہسار مری میں بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے تیسرے روز بھی جاری ہے، اس دوران بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی جبکہ بارش کے ساتھ ساتھ دھند نے پہاڑوں کو اپنی حصار میں لے رکھا ہے جس سے مری کا موسم برسات کامنظر پیش کر رہا ہے۔
دھند اور ژالہ باری کی وجہ سے سردی بھی بڑھ گئی ہے جس سے عوام کے روز مرہ کے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں اور سکول جانے وال طلباء وطالبات کو بھی اپنے اداروں تک پہنچے میں سخت دشواری کا سامنا رہا۔
ادھر مری میں سیاح کثیر تعداد میں موجود ہیں میدانی علاقوں سے آئےہوئے سیاح مری کے ٹھنڈے اور دلفریب موسم سے خوب لطف اندوز ہورہے ہیں۔ مال روڈ اور جی پی او چوک میں بارش کے باوجود سیاح چہل قدمی کر رہے ہیں تاہم سردی سے بچاؤ کے لئے مقامی لوگ اور سیاح گرم ملبوسات کا استعمال کر رہے ہیں۔