اسلام آباد،23اپریل(اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے مربوط کوششوں کے ساتھ موثر حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی اور خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف اور علاقائی استحکام کی جانب خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
اسلام آباد میں منعقدہ بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ملکی معاشی حالات میں بہتری، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لئے تاجر برادری اور کاروباری حضرات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔حکومت اور تاجروں کے مابین تعاون اور موثر حکمت عملی معاشی بحالی کی ضامن ہے۔معاشی مسائل سے نمٹنے کے لئے سازگار ماحول ناگزیر ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موسمیاتی تغیرات دنیا بھر کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے،سوشل سیفٹی نیٹ ورک اور وسائل کے موثر استعمال کے حوالے سے حکمت عملی ناگزیر ہے۔اندرونی اور بیرونی سیکورٹی خدشات سے نمٹنے کے لئے قابل عمل پالیسی اختیار کرنا ہو گی۔
سید یوسف رضا گیلانی نے دنیا بھر کو درپیش موسمیاتی تغیرات کے حوالے سے کہا کہ موسمیاتی تغیرات دنیا بھر کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ پاکستان بھی شدید ترین ماحولیاتی تغیرات سے متاثر ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار رہا ہے جس کی وجہ سے ملک میں سیلاب، غیر معمولی بارشیں اور درجہ بتدریج مشاہدے میں آیا ہے،موسمیاتی تغیرات سے نمٹنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل ناگزیر ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ غریب اور نادار افراد کی مدد کے لئے سوشل سیکٹر کو مضبوط بنانا ہوگا اور بی آئی ایس پی کے ذریعے پسماندہ طبقے کو امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سیفٹی نیٹ ورک اور وسائل کے موثر استعمال کے حوالے سے حکمت عملی ناگزیر ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ملک ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ موثر حکمت عملی سے حالات کو بہتر بنایا جائے۔ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔