ملکہء کوہسار مری میں ورلڈ ارتھ ڈے کے موقع پر سیمینار وتقاریب

94

 

مری، 23 اپریل (اے پی پی):ملکہء کوہسار مری میں مختلف اداروں کی جانب سے ورلڈ ارتھ ڈے کے موقع پر سیمینار وتقاریب منعقد ہوئیں جس میں محکمہ جنگلات کوہسار یونیورسٹی ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں اور شہریوں نے شرکت کی جبکہ اس دن کی مناسبت سے شجر کاری مہم  کے ذریعےبڑی تعداد میں پودے بھی لگائے گئے جس میں کوہسار یونیورسٹی کی طلباء وطالبات،محکمہ جنگلات اور ریسکیو  1122 کے افسران اہلکاروں اور شہریوں نے اپنے ہاتھوں سے پودے لگائے۔

 ریسکیو1122نے ا ورلڈ ارتھ ڈے کی اہمیت کے حوالے سے عوام میں شعورو آگہی بیدار کرنے کے لئے واک کا بھی اہتمام کیا۔واک میں ریسکیو کے اہلکاروں،سکاؤٹس اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی.  اس موقع پر ورلڈ ارتھ ڈے کے حوالے سے مقررین نے زمین کی اہمیت اورافادیت پر زور دیکر کہا کہ زمین ایک ماں کا درجہ رکھتی ہے اسکی حفاظت کرنا  ہمارا اولین فرض ہے،  ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک کی مصنوعات سے ہمارا ماحولیاتی نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے لہذا ضرورت اس امرکی ہے کہ عوام پلاسٹک مصنوعات کا استعمال کرنا ترک کر دیں اس سے فیکٹریاں بھی پلاسٹک کا مال بنانا بند کردیں گی ان کامزید کہنا تھا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائےجائیں درخت انسانی زندگی کو آکسیجن میسر کرتےہیں۔