ملک اور نوجوانوں کی ترقی اور بہتری، تعلیم میں ترقی سے مشروط ہے؛ وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی

81

 

اسلام آباد، 23 اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ  اس وقت ہم ایک  فیصلہ کن دور سے گزر رہےہیں جہاں ہمیں اپنے ملک اور نوجوانوں کی ترقی اور بہتری کے لیے درست سمت کا انتخاب کرنا ہے جو تعلیم  کے میدان میں ترقی   سے مشروط ہے ۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے   ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ سیکٹر سپورٹ پروگرام  فیز فور  کے پراجیکٹ کی لانچنگ تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام ہمارے نوجوانوں کے مستقبل  اور  ملک کی پائیدار ترقی اور معیشت کی بہتری کے لیے  ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ایک ایسا فریم ورک تیار کیا ہے جو  جدید اختراعات اور بہترین پیشہ ورانہ تعلیم اور تربیت کی فراہمی کے لیے ایک ستون کے طور پر مددگار ثابت ہو گا ۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جدید دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں نا صرف اپنے نوجوانوں کو  معیاری پیشہ ورانہ تربیت  فراہم کرنی ہے بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنانا ہے  کہ ہمارے نوجوان ان مہارتوں سے لیس ہوں جو آج کی مسابقتی  روزگار  مارکیٹ کے لیے ضروری ہیں۔