اسلام آباد،10اپریل(اے پی پی):ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے، نماز عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی و استحکام، ترقی و خوشحالی، اسلام کی سربلندی کے علاوہ،غزہ میں اسرائیلی ظلم و تشدد سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کے ایصال ثواب، مقبوضہ کشمیر کی آزادی، بھارت اور کشمیر میں مسلمانوں کے تحفظ سمیت عالم اسلام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
نماز عید کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات اٹھائے گئے ، مرکزی عید گاہ، مساجد، امام بارگاہوں اور عید کی نماز کے مقامات پر پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں عید الفطر کی نماز ادا کی اور ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں عید الفطر کی نماز ادا کی، انہوں نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی اور کہا کہ عید مناتے ہوئے قوم کو ان بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھنا چاہیے جنہیں مدد کی ضرورت ہے اور قوم پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے ویژن کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا عہد کریں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید الفطر کا بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جس میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل اور کونسل آف مسلم سکالرز کے چیئرمین ڈاکٹر العیسیٰ نے امامت کی۔ جہاں بڑی تعداد میں فرزندان اسلام نے عید الفطر کی نماز ادا کی۔
گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے گورنر ہاؤس میں عیدالفطر کی نماز ادا کی۔گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ اور جسٹس سپریم کورٹ نعیم اختر افغان گورنر ہاؤس سبزہ زارکوئٹہ میں نماز عیدالفطر ادا کی۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے عید الفطر کی نماز بادشاہی مسجد لاہورمیں ہزاروں لوگوں کے ساتھ ادا کی۔نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک و قوم کی ترقی،خوشحالی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کی آزادی کے لئے بھی دعا مانگی گئی۔