اسلام آباد، 26 اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے جمعہ کو ملک میں جدت، تخلیقی صلاحیتوں اور پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے حصول میں انٹلیکچوئل پراپرٹی (IP) کے حقوق کے اہم کردار پر زور دیا اور کہا کہ حکومت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں معاونت کرنے والی ٹیکنالوجیز اور جدت کے لیے صنعت، اکیڈمی اور سول سوسائٹی کے درمیان شراکت داری اور تعاون کو فروغ دے گی۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) کے تعاون سے ورلڈ انٹلیکچوئل پراپرٹی ڈے 2024 کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئےکیا ۔ تقریب کا مقصد آئی پی اور ایس ڈی جیز: ایجادات اور تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ ہمارے مشترکہ مستقبل کی تعمیر تھا کیونکہ اس تقریب میں وزارت تجارت، آئی پی او اور تاجروں اور تعلیمی اداروں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے اور ان وسائل کو درست انداز میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹلیکچوئل پراپرٹی ڈے خاص اہمیت ہے کیونکہ اس دن ہم جدت، تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور بالآخر پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کو آگے بڑھانے میں انٹلیکچوئل پراپرٹی کے اہم کردار پر غور کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر جام کمال خان نے پائیدار ترقی کے اہداف کی جانب پیش رفت کو تیز کرنے کے لیے ایک اسٹریٹجک ٹول کے طور پر آئی پی کا فائدہ اٹھانے پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ وزارت تجارت خاص طور پر پائیدار ترقی کے سلسلے میں آئی پی ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے والی پالیسیوں کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد کاروباری افراد، محققین اور اختراع کاروں میں آئی پی رائٹس کے بارے میں بیداری اور تفہیم کو بڑھانے کے لیے صلاحیت سازی کے اقدامات میں سرمایہ کاری کرنا ہے تاکہ وہ پائیدار ترقی کے لیے مؤثر طریقے سے آئی پی کا فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ملک مشکل وقت سے گزر رہا ہے اور بین الاقوامی منڈیوں میں جگہ بنانے اور ملک سے برآمدات بڑھانے کے لیے مقامی مصنوعات کی مسابقت کو بڑھانے کے لیے مزید جدت لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری نے آئی پی کے حقوق کے سختی سے نفاذ کے لیے ایک مناسب طریقہ کار کی ضرورت پر زور دیا اور مقامی مصنوعات کو زیادہ مسابقتی بنانے اور عالمی منڈیوں میں مناسب جگہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پائیدار اقتصادی ترقی اور سماجی خوشحالی کے حصول کے لیے برآمدات میں اضافے کے لیے بجلی کے نرخوں کو معقول بنانے پر بھی زور دیا۔











