اسلام آباد،10 اپریل ( اے پی پی)محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود تاہم خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان ، کشمیر اورملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے مطابق مغربی لہرآج سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے بعد ایک اور مضبوط مغربی لہر 12 اور 13 اپریل کو ملک کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی جو کہ 15 اپریل تک برقرار رہے گی۔
خیبرپختونخوا کے علاقے چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، شانگلہ، بونیر اور مالاکنڈ میں 10 سے 15 اپریل تک کبھی کبھار وقفے کے ساتھ بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
اسلام آباد و پنجاب کے علاقے مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال میں 10 اور پھر 12 اپریل کی شام سے 15 اپریل کو بارش، آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔