اسلام آباد، 26 اپریل (اے پی پی): صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مودی بھارت میں آئندہ عام انتخابات جیتنے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے کیونکہ مودی ہندوتوا کی پالیسی پر گامزن ہے اوریہ الیکشن جیتنے کے لئے مودی ہر نا جائز حربہ استعمال کر سکتا ہے۔ ایسے حالات میں اوورسیز کشمیریوں کو بالخصوص امریکہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی کو متحرک ہو کر بین الاقوامی برادری کے سامنے بھارت اور مودی کے ان ظالمانہ عزائم کا پردہ چاک کرنا ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں امریکہ (واشنگٹن)میں مقیم اوورسیز کشمیریوں کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت سردار ذوالفقار روشن نے کی۔ اس موقع پر معروف دانشور ڈاکٹر ولید رسول بھی موجود تھے۔
صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں مقیم اوورسیز کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر کو آج تک زندہ رکھا ہوا ہے کیونکہ امریکہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حل اور بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف عالمی فورمز پر انتہائی متحرک اور جاندار طریقے سے آواز بلند کی ہے اور دنیا کی توجہ اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل، مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی ظلم و بربریت بند کرانے اور کشمیریوں کو اُن کا بنیادی حق، حق خودارادیت دلوانے کی طرف مبذول کرائی ہے۔











