راولپنڈی ،17 اپریل (اے پی پی ): پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ورلڈ کپ سے پہلے ہمارے پاس بارہ میچز ہیں ،کوشش کریں ان میچز کے دوران اپنی تیاریاں مکمل کرلیں، ہم نے اپنی خامیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹیم اور کھیل میں بہت سی اصلاحات کی ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اپنے کھیل میں مزید بہتری لائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام کھلاڑی پرفارمنس کی بنیاد پر آتے ہیں،نیوزی لینڈ سیریز میں اچھی کرکٹ کھیلنے کی تیاری کریں گے اورورلڈ کپ کے لئے اچھی ٹیم لے کر جائیں گے ۔
بابر اعظم نے کہا کہ کوشش ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کریں۔اس سیریز میں مختلف کمبی نیشن بیٹنگ اور باولنگ میں آزمائیں گے۔آئرلینڈ اور انگلینڈ کی سیریز میں چیزیں واضح ہوجائیں گی۔ہماری بیٹنگ سٹرونگ ہونے جارہی ہے۔ عثمان خان، عرفان نیازی کو بھی کھلائیں گے۔
انہوں نے ٹیم کی بیٹنگ کے حوالے سے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بیٹنگ آٹھویں نویں نمبر تک جائے گی۔ینگ کھلاڑیوں کے آنے کی ہم سینئر زکو بہت خوشی ہوتی ہے اور ان کی مدد بھی کرتے ہیں۔