وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت کا وفاقی صحت سہولت پروگرام کے ڈیٹا سینٹر کا دورہ 

17

اسلام آباد،26 اپریل(اے پی پی): وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے جمعہ  کو یہاں وفاقی سیکرٹری برائے صحت ندیم محبوب کے ہمراہ وفاقی صحت سہولت پروگرام کے ڈیٹا سینٹر کا دورہ کیا۔

صحت سہولت پروگرام کے سی ای او ، محمد ارشد اور سٹیٹ لائف انشورنس کے پراجیکٹ ڈائریکٹر، محمد اشعر اور دیگر حکام نے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت کو تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ کے دوران کوآرڈینیٹر برائے صحت کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے زیر انتظام صحت سہولت پروگرام کے لیے سٹیٹ لائف کے ہیلتھ آئی ٹی انفراسٹرکچر کے کلیدی اجزاء میں ہاسپٹلز میں موجود مریضوں کے ریئل ٹائم ڈیٹا کی کلیکشن،  ای کلیم مینجمنٹ سسٹم، بزنس انٹیلی جنس ٹولز، آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی اسکریننگ کلیمز، اور ڈیجیٹل ادائیگی شامل ہیں، اس کے علاوہ  پیشنٹ مانیٹرنگ سسٹم (PMS)، مریضوں کی مدد کے لئے چوبیس گھنٹے کال سینٹر، اور موبائل ایپلیکیشنز جیسی سہولیات بھی میسر ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد کا کہنا تھا کہ صحت مند پاکستان کے کے لیے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر شب و روز کام کر رہے ہیں،صحت عامہ کے لیے وفاقی صحت سہولت پروگرام کی ڈیجیٹالائزیشن  اور ہیلتھ ڈیٹا بیس موثر، شفاف اور معیاری خدمات کی طرف ایک اہم سنگ میل ہے۔

ڈاکٹر ملک مختار احمد کا کہنا تھا کہ حکومت معیاری صحت  تک رسائی میں عام آدمی کی مشکلات سے بخوبی واقف ہے اور صحت سہولت پروگرام اور دیگر خدمات کے ذریعے عوام کی صحت کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

ملک مختار نے  صحت سہولت پروگرام میں لگائے گئے کنٹرولز اور گیٹ کیپنگ میکانزم میں جدید ڈیجیٹل ٹولز سے فائدہ اٹھانے اور پروگرام کی نگرانی اور شفافیت کے لیے مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو بڑھانے پر زور دیا تاکہ حقیقی فوائد مستحق آبادی تک پہنچائے جا سکیں۔