وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں انشاء اللہ سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنائیں گے،صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق

20

 

لاہور۔ 08 اپریل ( اے پی پی )صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پرو وائس چانسلر ایف  جے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد، ایم ایس گنگارام ہسپتال، پروفیسر ڈاکٹر نوید، سی ای او پنجاب ہیلتھ ڈاکٹر علی رزاق و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسیز کی استدکار بڑھانے کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ لیا۔

وائس چانسلرز پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل اور پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے اس حوالہ سے انتہائی عمدہ تجاویز پیش کیں۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں انشاء اللہ سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنائیں گے۔ سرکاری ہسپتالوں میں شام کے اوقات میں ڈاکٹرز کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔ سینیئر رجسٹرارز کی سیٹوں پر بھرتی کے عمل کا فوری آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یکم مئی کے بعد سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ایچ آر کی تفصیلات لینے کے بعد ترجیحی بنیادوں پر بھرتی کے عمل کو شروع کیا جائے گا۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی طرز پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں بھی ایمرجنسی میڈیسن کے شعبہ کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تھیلیسیمیاء کی بیماری پر قابو پانے کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کو خود کفیل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔  ہسپتالوں میں علاج سمیت دیگر سہولیات کے معیار میں بہتری لانا چاہتے ہیں۔