اسلام آباد،16اپریل(اے پی پی 9:وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ہدف سرمایہ کاروں بالخصوص سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ماحول پیدا کرتے ہوئے پاکستان کو اقتصادی سرگرمی اور اور جدت کے حامل مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔
وہ منگل کو یہاں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (سی آئی ایف سی )فورم سے خطاب کر رہے تھے جس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کی قیادت میں دورہ کرنے والے اعلیٰ سطحی سعودی وفدنے شرکت کی ۔
دورہ کرنے والے وفد میں سعودی وزیر برائے پانی و زراعت انجینیرعبدالرحمن عبدالمحسن آل فضلی ، صنعت اور معدنی وسائل کے وزیر، بندر ابراہیم الخریف، معاون وزیر برائے سرمایہ کاری، ابراہیم بن یوسف المبارک؛ سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ، محمد مازیاد التویجری اور وزارت توانائی اور سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے سینئر حکام شامل ہیں ۔
وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کو انتہائی قدر اور ادارہ جاتی نظام کے کے ذریعے بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اسلامی ورثے اور باہمی سٹریٹجک مفادات سے منسلک مضبوط تعلقات استوار ہیں اور سعودی وفد کے دورے نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور پائیدار روابط کو اجاگر کیا ہے ۔