اسلام آباد، 18 اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے جمعرات کے روز سیمی کنڈیکٹر سمٹ 2024ءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری کونسل کا قیام ملک کے مفاد میں ہے کیونکہ اس کونسل کے تحت ملک میں سرمایہ کاری آ رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کا سب سے اہم مقصد سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنا ہے اور حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
عطا تاررڑ نے کہا کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت ہے، پاکستان کو اسٹریٹجک حیثیت حاصل ہے، ہمارا سب سے بڑا سرمایہ انسانی وسائل ہیں، ہماری 68 فیصد آبادی نوجوانوں پرمشتمل ہے، پاکستان میں دنیا کی بہترین یونیورسٹیاں ہیں اور ملک میں آئی ٹی اور انجینئرنگ ریسورسز کے شعبہ میں یونیورسٹی گریجویٹس کی تعداد سالانہ 50 ہزار سے زائد ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا ہماری بدقسمتی ہےکہ ہم سیمی کنڈکٹر انڈسٹری سے فائدہ نہیں اٹھا سکے، جبکہ عالمی سطح پر سیمی کنڈکٹر کا کاروبار 550 بلین امریکی ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے، 2030ء تک عالمی سیمی کنڈیکٹرز کاروبار ایک ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچنے کی پیشنگوئی ہے، لہذا پاکستان کے لئے اس اہم شعبہ سے مستفید ہونے کا شاندار موقع ہے اور ہمیں ووکیشنل ٹریننگ پر بھرپور توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔