اسلام آباد، 04اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے قازقستان کے سفیر یرژان کِسٹافن نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی جس دوران پاکستا ن اور قازقستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے حکمت عملی پر توجہ مرکوز کی گئی۔فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو آسان بنانے کے لیے رابطوں کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر جام کمال نے قازقستان اور پاکستان کے درمیان تعاون کی نمایاں صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے گزشتہ دو سالوں میں دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کا ذکر کیا۔
سفیر کسٹافن نے آئندہ دوطرفہ معاہدے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کے زریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی امکانات کو مزید وسعت ملے گی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو قازقستان کے ہم منصب کی طرف سے مبارکباد بھی پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان زراعت سمیت مختلف شعبوں، بالخصوص کینو اور آم جیسی فصلوں کے ساتھ ساتھ آئی ٹی، ثقافت، فیشن انڈسٹری، کان کنی، لاجسٹکس، تعمیرات اور توانائی کے شعبوں میں وسیع مواقع پر زور دیا۔
ملاقات میں ویزا کے مسائل اور غیر قانونی انسانی اسمگلنگ جیسے چیلنجز پر بھی بات ہوئی اور دوطرفہ تعلقات کی سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے ان مسائل سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا۔