اسلام آباد،05 اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و تجارت جام کمال خان نے جمعہ کو اسٹیٹ لائف ٹاوراسلام آباد میں واقع اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی (SLIC) کا دورہ کیا اور کمپنی کے آپریشنز اور فعالیت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں صحت کی دیکھ بھال کے اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کی خدمات قابل قدر ہیں ،اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان بھر میں صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے SLIC کے عزم کو سراہا۔
وفاقی وزیر جام کمال خان نے روایتی سرکاری ہسپتالوں پر علاج کی بجائے انشورنس پر مبنی صحت کی دیکھ بھال کے نظام کی طرف بڑھتے ہوئے عالمی رجحان کوسراہا اور اسٹیٹ لائف کے ساتھ رجسٹرڈ نجی ہسپتالوں کی نمایاں جگہ پر درجہ بندی کا نظام چسپاں کرنے کی بھی ہدایت دی۔
اس موقع پر ایس ایل آئی سی کے سی ای او، شعیب جاوید حسین نے کمپنی کی جدید تکنیکی صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔