اسلام آباد،05 اپریل (اے پی پی) : وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے وزارت مواصلات کا باضابطہ چارج سنبھال لیا۔ عبدالعلیم خان کی وزارت مواصلات آمد پر بھر پور استقبال کیا گیا، سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو گلدستہ پیش کیا گیا جس کے بعد انہوں نے وفاقی وزیر کو وزارت اور ذیلی اداروں سے متعلق تعارفی بریفنگ بھی دی۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کام کرنے کے تین بنیادی اصول وضع کئے ہیں، وزارت کیلئے محصولات میں اضافہ، اعلیٰ معیار کی تعمیر اور شفافیت کو اپنائیں گے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے اس موقع پر عوامی بھلائی کے منصوبوں پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ خدمت کے جذبے سے سیاست میں آیا ہوں اور عوامی خدمت و ملک و قوم کی ترقی اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی ارشد مجید اور وزارت مواصلات کے دیگر ذیلی اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے ۔